نئی دہلی، 13/جنوری (آئی این ایس انڈیا)پنتھرس پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے آج دہلی اور جموں پردیش سمیت تمام ضلعی ہیڈکوارٹر میں لوہڑی کا تہوار منایا۔ نئی دہلی اور جموں پردیش کی راجدھانی جموں توی میں میں لوہڑی کا تہوار اس پیغام کے ساتھ منایا گیاکہ جموں وکشمیر کا باقی ملک کے ساتھ جلد از جلد مکمل الحاق ہو تاکہ ریاست کے لوگوں کو بھی ملک کے باقی شہریوں کی طرح تمام بنیادی حقوق حاصل ہوں جن سے وہ 1950سے محروم ہیں جب سے جموں وکشمیر کو چھوڑ کر پورے ملک میں ہندوستانی آئین نافذ ہواہے۔پنتھرس پارٹی کے کارکنوں نے لوہڑی کا تہوار جھوٹ پر سچ کی جیت اور جموں وکشمیر کے لوگوں کی جیت کی امید کے ساتھ منایا جو آج تک بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔پنتھرس پارٹی کارکنوں نے اس موقع پر مٹھائی، میوہ جات بانٹے اور جموں وکشمیر کے ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والے لوگوں کے لئے تمام بنیادی حقوق یقینی بنانے کے تعلق سے یہاں کے لوگوں کے ساتھ خوشگوار بات چیت کی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اس موقع پر پارٹی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ پنتھرس پارٹی جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کے حقوق کیلئے دل وجان سےجدوجہدکرے گی تاکہ ہندستانی آئین میں تمام شہریوں کو دیئے گئے بنیادی حقوق جموں وکشمیرکے لوگوں کو بھی حاصل ہوسکیں۔اس موقع پر پنتھرس پارٹی کے سینئر لیڈربنسی لال شرما، محترمہ انیتا ٹھاکرجگدیو سنگھ، پشوندر سنگھ منہاس، شنکر سنگھ چپ، راکیش گپتا،نیرج گپتا، پرمجیت سنگھ مارشل، نریش چب، منوہر سنگھ، نوین بالی اور دیگر موجودتھے۔نئی دہلی میں لوہڑی کا تہوار پنتھرس دہلی پردیش کے صدر راجیو جولی کھوسلہ، راجستھان کے پارٹی کے صدر انل شرما، ایس کے بندوپادھیائے، اشوک کمار، منوج سریواستواور سنجے اروڑہ، شتروگھن، ایس این چندولہ اوردیگرنے مل کر منایا۔